پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام
پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام ، آج پولیو کے خاتمے کے عالمی دن پر، ہم انسداد پولیو کے حوالے سے آگہی اور اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کے لیے متحد ہیں۔پولیو ایک ایسی بیماری جس نے دنیا بھر لاکھوں بچوں کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان پولیو کے خاتمے کے مشن میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری حکومت پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے اپنی کوششوں میں ثابت قدم ہے اورایک ایسے مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے جہاں کوئی بچہ اس بیماری سے متاثر نہ ہو۔
ہمارے ہیلتھ ورکرز اور ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کی انتھک محنت کی وجہ سے، ہم نے پولیو کے کیسز کو کم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ تاہم سیکورٹی خدشات، پولیو ویکسین کے بارے غلط معلومات، اور دور دراز علاقوں تک رسائی جیسے تاحال درپیش ہیں ان رکاوٹوں کے باوجود، ہمارے ہیلتھ ورکرز ہر بچے کو قطرے پلانے کے لیے بہادری سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم اپنے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کے ذریعے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہے ہیں، ویکسین کی کوریج کو بڑھا رہے ہیں، اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انسداد پو لیو کے لئے علاقائی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سرحد پار سے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا ہے. دراصل ہماری یہ لڑائی انسداد پولیو کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کا ایک مضبوط نظام بنانے اور آنے والی نسلوں کی صحت کے تحفظ کے بارے آگہی اور کوشش سے متعلق ہے ۔ میں تمام والدین سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو قطرے پلائیں اور کمیونٹی لیڈروں سے پولیو کے خاتمے کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کریں۔پاکستان پولیو فری بننے کے لیے پرعزم ہے، اور اپنے شہریوں اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ہم اس مقصد کو حاصل کریں گے۔