شادی خانہ آبادی کی خوشی غم میں بدل گئی
شادی خانہ آبادی کی خوشی غم میں بدل گئی،بارات میں شامل نا معلوم شخص کی ہوائی فائرنگ،دو بچوں سمیت تین باراتی شدیدزخمی حالت میں راولپنڈی ہسپتال منتقل۔تفصیلات کے مطابق برہان چوکی کی حدود میں شادی خانہ آبادی کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب بارات میں شامل نا معلوم شخص نے فائرنگ کر دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برہان کے رہائشی راحیل اویس ولد فرمان کی بارات میں شامل نا معلوم شخص کی ہوائی فائرنگ سے دو بچوں سمیت تین باراتی شدید زخمی ہو گئے۔جنہیں تشویشناک حالت میں راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں میں آٹھ اور بارہ سال کے دو بچے بھی شامل ہیں۔دونوں بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہوائی فائرنگ کرنے والا شخص خود بھی زخمی ہے جسے گھٹنے پر گولی چھو کر گزر گئی ہے۔فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہونیوالوں میں نعمان ولد دلشاد سکنہ برہان ،اویس ولد درویش سکنہ اٹک اور عالیان ولد رومان سکنہ برہان شامل ہیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر پوچھ گچھ کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے۔