بلوچستان پاکستان کا مستقبل،تابناک مستقبل کیلئے صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون ہمارا فرض ہے:آرمی چیف
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی حکومت اور عوام کو درخشاں مستقبل کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔وہ جمعرات کے روز کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز میں خطاب کررہے تھے۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاک فوج نے اندرونی سیکورٹی خطرات کو کم کرنے اور سرحدوں پر موثر جوابی کارروائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو تسلیم کرتی ہے اور اس کی مکمل حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے جو ہماری اصل طاقت ہیں۔اس سے پہلے فوج کے سربراہ کو صوبے کی سیکورٹی صورتحال، قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد، آپریش ردالفساد اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے حصے کے طور پر شروع کئے گئے شماجی اور اقتصادی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔فوج کے سربراہ اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مجموعی سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور صوبے کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اضافے میں مدد کرینگے۔