بھارت نواز سیاست دان قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔ سید علی گیلانی
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں اشفاق احمد وانی اور دیگر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں لہذا ہمارا ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوں کی ہرقیمت پر حفاظت کریں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے شہید اشفاق احمد کے والد محمد یوسف کو بھی 1996ءمیں شہید کر دیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ عظیم قربانیوںکے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام ایک طرف روز اپنے پیاروں کے جنازے اٹھا تے ہیں جبکہ دوسری طرف بھارت نواز رہنما عظیم قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش میں ہیں لہذا کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ خود کو ان رہنماﺅںسے دور رکھیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نواز رہنما کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں اور یہی لوگ ہماری آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کے ظلم وجبر، ماردھاڑ اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے خلاف سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک پرامن مظاہرہ کیا۔ حریت رہنماﺅں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز اپنی حکومت کی ایما پرکشمیر میں تمام اخلاقی، انسانی اور قانونی اقدار کو پامال کر رہی ہیں اور یہاں عملاً قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے اس بدنصیب خطے پر مکمل طور پر بھارتی فوج اور پولیس کا راج قائم ہے اور قابض فورسز کے اہلکار جسے چاہے قتل کردیتے ہیں ، جسے چاہے زخمی کردیتے ہیں، جسے چاہے آنکھوں کی بینائی سے محروم کردیتے ہیں، جسے چاہے گھر سے بے گھر بنادیتے ہیں اور جسے چاہے سالہاسال تک سلاخوں کے پیچھے ڈال دیتے ہیں۔ ۔انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ بھارتی فورسز نے ریاست کے اطراف واکناف میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے اور وہ منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کُشی کررہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے سوال کیا کہ اگر مشرقی تیمور اور اسکاٹ لینڈ میں عوام کو استصواب رائے کا حق مل سکتا ہے تو کشمیریوںکو کیوں نہیں ۔ انہوں نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے بہیمانہ سلوک کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آزادی پسند رہنماﺅں اور کارکنان کو فرضی اور من گھڑت الزامات کے تحت گرفتار کر رہا ہے۔انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیے اور تنازع کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اقدامات کریں۔ مظاہرے میں حریت رہنماﺅں اور کارکنوں محمدرفیق اویسی، مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد یوسف نقاش، خواجہ فردوس وانی، ارشد عزیز، مبشر اقبال، سید محمد شفیع، عبدالحمید اِلٰہی، محمد مقبول ماگہامی، محمد رفیق شاہ، سید امتیاز حیدر، شکیل احمد بٹ، امتیاز احمد شاہ، رمیز راجہ، ارشد حسین بٹ، عبدالرشید لون، محمد شفیع میر کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔