آئی جی سندھ کلیم امام کی اسلام آباد میں وزیر اعظم سے اہم ملاقات
وزیرِ اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کلیم امام نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کلیم امام کو وفاق میں اہم ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول لگائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے، میں نے اپنا کام نیک نیتی سے کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومتِ پاکستان کا ملازم ہوں، ملک کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں۔ آئی جی سندھ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پاکستان مجھے جہاں تعینات کرے گی، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورتِ حال اور اہم امور پر بھی بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کو ملاقات کے لیے اسلام آباد طلب کیا تھا جس کے بعد آئی جی سندھ اسلام آباد روانہ ہوئےتھے اور انہوں نے آج وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے 2 روز قبل کے کراچی کے دورے کے دوران آئی جی سندھ سے ملاقات نہایت مختصر رہی تھی، جس کے باعث آئی جی صوبے کی صورتِ حال پر انہیں بریفنگ بھی نہیں دے سکے تھے۔ذرائع نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران ملاقات میں آئی جی سندھ کلیم امام کو نیا ٹاسک دے سکتے ہیں، وہ اس سے پہلے نئے آئی جی سندھ کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔ کابینہ اجلاس میں جی ڈی اے کے اعتراض اور نئے آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ مؤخر کیے جانے کے بعد سے وزیرِ اعظم عمران خان اور آئی جی سندھ کلیم امام کی یہ ملاقات انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔