کرم :جنگ بندی معاہدے کے باوجود جھڑپیں جاری ،مزید 3افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔چند روز قبل کرم میں فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوجود 8 روز سے جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ضلع کرم میں فریقین کے درمیان فائرنگ سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد 8 روز سے جاری جھڑپوں میں اموات کی تعداد 110 ہوگئی ور زخمیوں کی تعداد 151 تک جا پہنچی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ 8 روز سے بند ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ نے کہا کہ مرکزی شاہراہ بند ہونے سے افغانستان کے ساتھ خرلاچی بارڈر پر تجارت بھی بند ہے۔حالات کشیدہ ہونے کے باعث انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔