مریم نواز پر متاثرین کے ساتھ انجلینا جولی اسٹائل میں فوٹو سیشن کرانے کا الزام
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ پنجاب کا جنوبی حصہ بھی سیلاب سے سخت متاثر ہے، جہاں ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے علاقوں میں ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) بھی ہے، جہاں کا گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی دورہ کیا تھا۔ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کے دورے کے دوران مریم نواز نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور وہ متاثرہ خواتین سے افسردہ حالت میں گلے بھی ملتی دکھائی دیں۔مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے اور متاثرین کے ساتھ تصاویر کھچوانے کے فوٹو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان پر ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کا فیشن کاپی کرنے کا الزام لگایا۔