خواجہ سعد رفیق کو این اے 129 سے ٹکٹ دیا جائے، مسلم لیگ ن وویمن ونگ سعودی عرب کا مطالبہ

مدینہ منورہ – نمائندہ نوائے وقت میاں اظہر کے انتقال کے بعد حلقہ این اے 129 کی خالی نشست پر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی وویمن ونگ کی صدر ڈاکٹر کنول انیس اور ڈپٹی ہیڈ ماریہ صدیقی نے مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حلقے کے عوام اور لیگی کارکن خواجہ سعد رفیق کو ایک مقبول، ہر دل عزیز اور متحرک لیڈر کے طور پر دیکھتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نہ صرف لاہور بلکہ پورے ملک میں ایک جمہوری، دیانتدار اور محنتی سیاستدان کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہیں انتخابی عمل کا مکمل ادراک حاصل ہے۔ حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخابات کے لیے انہیں ٹکٹ دیے جانے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) وویمن ونگ نے مرکزی قیادت سے اپیل کی ہے کہ اس اہم حلقے سے ایک مضبوط امیدوار یعنی خواجہ سعد رفیق کو ہی پارٹی ٹکٹ دیا جائے تاکہ جماعت کو سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد حاصل ہو۔