وزیراعظم کا پھر وفاقی وزراءمیں تبدیلی کا عندیہ ،جن وزراء کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں تبدیل کررہا ہوں: وزیراعظم عمران خان
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اجلاس میں اپنے ہی وزراء پر پھٹ پڑے اور پشاور سے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر اجلاس میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب عامر کا کہنا تھا کہ وزراء ہمیں ملاقات کیلئے وقت بھی نہیں دیتے، جائز کام کیلئے بھی وزراء کی منتیں کرتے ہیں لیکن پھر بھی کام نہیں ہورہے۔ذرائع نے بتایا کہ ارباب عامر جذباتی ہو کر اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے تو وزیراعظم نے انہیں روکتے ہوئے کہا کہ جن وزراء کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انہیں تبدیل کررہا ہوں۔ وزیراعظم نے وزراء کو اراکین قومی اسمبلی کے شکوے دور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے جذبات اور احساسات کا اظہار پارلیمانی پارٹی کے اندر کیا کریں، اسمبلی کے فلور پر ایسے بیانات کی ضرورت نہیں ہے۔عمران خان نے اسد عمر کو بھی نئی ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دیا ہے، اسد عمر سے وزیراعظم کا مکالمہ ہوا، اسد عمر نے کہا کہ آج کل فارغ ہوں ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتا رہتا ہوں، وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ دیر فارغ نہیں رہو گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھاؤں گا، مودی حکومت کی کشمیر پالیسی کو بے نقاب کرتے رہیں گے، ارکان پارلیمنٹ کشمیر پر حکومتی پالیسیوں کو موثر انداز میں اجاگر کریں,اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ امریکا پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا، جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی سفارتکاری پر بریفنگ دی۔