افغان خواتین فوجیوں کی پہلی باربھارت میں تربیت
افغان خواتین پر مشتمل ایک فوجی دستہ پہلی دفعہ بھارت بھیجا گیا ہے، جہاں بھارتی فوج چنائی کی ایک فوجی اکیڈمی میں انہیں تربیت دے گی۔ اس سے پہلے ہزاروں کی تعداد میں افغان مرد فوجی بھارت میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم بھارت پہلی بار افغانستان کی خواتین فوجیوں کو تربیت دے رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس دستے میں 18 بری، تین فضائی فوجی خواتین کے علاوہ وہ خواتین بھی شامل ہیں جو افغانستان کی سپیشل فورسز، وزارت دفاع کے اداروں، تعلقات عامہ، مالی اور قانونی امور سے منسلک ہیں۔افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان، دولت وزیری نے بتایا ہے کہ 35 افغان فوجی خواتین تین ہفتوں پر محیط اس تربیتی کورس میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین انگریزی زبان سیکھنے اور کمپیوٹر کورسز میں بھی حصہ لیں گی۔