صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ کیس کی سماعت 5 جنوری کو دن ایک بجے ہوگی۔چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے گزشتہ سماعت پر جے آئی ٹی سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی۔8 دسمبر کو ہونے والے سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی کو وزارت خارجہ نے راستہ بھی دکھایا ہے، وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں اچھی تجاویز دی ہیں۔ ضرورت پڑی توملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔بعد ازاں عدالت نے جے آئی ٹی سے ہر دو ہفتے بعد پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو جے آئی ٹی کی معاونت کرنے کی ہدایت دی تھیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے 6 دسمبر کو کینیا میں قتل ہونے والے سینیر صحافی ارشد شریف کے قتل کے کیس کا از خود نوٹس لے لیا تھا۔واضح رہے کہ معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کو 24 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت نے اس قتل کی تحقیقات کے لئے ٹیم بنا کر کینیا بھیجی تھی۔