امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت کو ایک اور دھمکی ، بڑا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ بھارت سے درآمدات پر عائد موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو "بہت زیادہ حد تک" بڑھائیں گے، اور یہ اقدام آئندہ 24 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے بھارت کی روسی تیل کی خریداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "وہ جنگی مشین کو ایندھن فراہم کر رہے ہیں، اور اگر وہ ایسا کرتے رہیں گے تو میں خوش نہیں ہوں گا۔" ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اصل مسئلہ اس کے بہت زیادہ ٹیرف ہیں، تاہم انہوں نے نئے ٹیرف کی کوئی واضح شرح نہیں بتائی۔ گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بھارت پر روسی تیل کی خریداری کی وجہ سے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کریں گے۔ امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ " بھارت نہ صرف روسی تیل کی بڑی مقدار خرید رہا ہے، بلکہ وہ اس خریدے گئے تیل کا بڑا حصہ کھلے بازار میں بیچ کر بھاری منافع کما رہا ہے۔ انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی جنگی مشین کتنے لوگوں کو مار رہی ہے،" انہوں نے کہا کہ "اسی وجہ سے، میں بھارت کی طرف سے امریکہ کو ادا کیے جانے والے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کروں گا۔" خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف عائد کریں گے اور دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت کو ایک غیر متعین سزا کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں دیں