وزیراعظم اورپوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے:شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان اورپوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے ۔آج ملتان میں قومی ذکریا کانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ساٹھ روز سے کرفیو نافذ ہے زخمی اور علیل کشمیری علاج معالجے اور زندگی کی دوسری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات جاری ہیں اورہماری خواہش ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں۔انہوں نے کہاکہ افغان عوام کو طویل عرصے سے خون ریزی کا سامنا ہے اوراس سلسلے کو اب بند ہوناچاہیے ۔انہوں نے حضرت بہائوالدین ذکریا ملتانی،حضرت شاہ رکن الدین سہروردی اور حضرت بی بی پاک دامن کے مزاروں کی توسیع سے منصوبے کی منظوری دینے پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ نشتر ٹو ہسپتال منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا ہے جس سے جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے عوام کو علاج کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی ۔