بھارتی فیشن ڈیزائنر بھی اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے،ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کی تصاویرسوشل میڈیا سے ڈیلیٹ

بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے بازنہ آیا۔ حکومت کے بعد اب معروف بھارتی فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا نے بھی متعصبانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے پاکستانی معروف اداکارہ ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاونٹ سے ڈیلیٹ کردیں۔بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ اقدامات نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے نہ صرف پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور الزام تراشی کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے بلکہ اس نے ثقافتی، ڈیجیٹل اور معاشی سطح پر بھی سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ کو مزید بڑھانا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور تجارت کی معطلی کے بعد بھارت نے پاکستانی انٹرٹینمنٹ اور نیوز چینلز کے یوٹیوب چینلز تک رسائی روکنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندیاں عائد کیں، جس سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ بھارتی ثقافتی حلقے پاکستانی فنکاروں سے گریز کر رہے ہیں۔بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی پابندیوں اور ڈیجیٹل سنسرشپ کے اقدامات نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ یہ اقدامات ایک طرف پاکستان کے ثقافتی اور سوشل میڈیا مواد کو عالمی سطح پر محدود کرنے کی کوشش ہیں، تو دوسری طرف بھارت کے اندر ان مواد کو دیکھنے کی خواہش رکھنے والوں کے لیے ایک نئے چیلنج کا سامنا ہے۔