شکارپور کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا ڈاکووں کے خلاف 2 دن بعد دوبارہ آپریشن
شکارپور کے کچے کے علاقوں میں پولیس نے 2 روز کے وقفے کے بعد ڈاکووں کے خلاف دوبارہ آپریشن شروع کردیا۔پولیس نے 2 روز قبل 2 پولیس افسران کی شہادت کے بعد ڈاکووں کے خلاف آپریشن روک دیا تھا تاہم آج ایک مرتبہ پھر پولیس نے شاہ بیلو اور انب جتوئی کے علاقوں میں آپریشن شروع کردیا۔
آپریشن کے دوران پولیس نے ماسٹر مائینڈ ڈاکو منیر مصیرانی اور اس کے گینگ کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے لیا۔ڈی آئی جی لاڑکانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکووں کے 12 سے زائد ٹھکانوں کو آگ لگا دی گئی ہے جبکہ متعدد مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن پولیس اہلکاروں کو شہید اور زخمی کرنے والے ڈاکووں کے خلاف کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ 3 جون کو پولیس نے کچے کے علاقے میں ڈاکووں کے خلاف آپریشن کیا تو اس موقع پر ڈاکووں کے فائرنگ کردی، پولیس کی بکتر بند گاڑی میں موجود ایس ایچ او غلام مرتضی میرانی اور اے ایس آئی ذوالفقار علی پنہور ڈاکوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔