پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں بڑا دھچکا، تین بڑے عہدوں سے محروم

پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں بڑا دھچکا لگ گیا، جہاں تین اہم عہدے پی ٹی آئی سے واپس لے لئے گئے ۔ قومی اسمبلی میں عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کردیے گئے ، اسی طرح زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی ہوگیا ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی سے اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی قواعد کے مطابق ارکان کی نااہلیت سے ایوان کو آگاہ کردیا جس کے بعد اپوزیشن لیڈر کے لیے اپوزیشن اور اسپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ پی ٹی آئی کوآزاد اراکین پارلیمانی لیڈراور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے لیے دوبارہ نام دینا ہوں گے۔قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکائونٹس کمیٹی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے 7ارکین اسمبلی سے 15قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لے لی گئی جس کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی ۔ اسی طرح زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں جب کہ رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لی گئی ۔