سرکاری ملازمین کے لیے بڑے الاؤنس کا اعلان

آزاد کشمیر حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت سے منظوری کے بعد اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس الاؤنس کا اطلاق رواں مالی سال کے آغاز سے ہوگا اور ملازمین کو یکم جولائی سے بنیادی تنخواہ پر 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاق اور صوبوں کے رواں مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 12 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں بلوچستان، پنجاب اور دیگر صوبوں نے مختلف گریڈ کے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں کے تناسب سے ایڈھاک ریلیف الاؤنس دینے کا اعلان کیا تھا۔ آج آزاد کشمیر کی حکومت نے بھی اپنے سرکاری ملازمین کے لیے 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔