ابررحمت کے بعد روزداروں نے سکھ کا سانس لیا۔ موسم خوشگوار ہو گیا۔
برکھا رت بدلی تو ہر چہرہ کھل اٹھا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسے تو قیامت خیز گرمی کی شدت کا خاتمہ ہوا۔ روزے داروں نے بھی سکھ کا سانس لیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک بارشوں کا یہ حالیہ سلسلہ جاری رہیگا، اس دوران ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور،بنوں، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ،فیصل آباد ، ملتان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں تیز ہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ بارش سبی میں بیالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں بھی ابررحمت خوب برسا ، جہاں جل تھل ایک ہو گیا ۔۔ ادھر سندھ کے میدانی علاقے اب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی دالبدین، دادو اور پڈعیدن میں پڑی ، جہاں پارا تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔