وزیراعظم محمد شہباز شریف کا علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر پیغام
علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام, یوم اقبال کے اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور ایک بلند پایہ شخصیت تھے. علامہ اقبال کے افکار اور تحریروں نے نہ صرف پورے برصغیر، وسط ایشیاء بلکہ پوری دنیا پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی علیحدہ شناخت کا ادراک دے کر ایک علیحدہ وطن کا خواب روشن کیا، جس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ خود انحصاری، خود آگاہی اور اتحاد سے متعلق ان کی تعلیمات مسلمانوں کیلئے بطور امت اور ہمارے لیے بحیثیت قوم ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کرنے کا باعث ہیں۔
علامہ اقبال کی شاعری صرف اپنے وقت کی عکاس نہیں بلکہ عمل اور خود شناسی کی لازوال دعوت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اوسط درجے کی زندگی کو چھوڑ کر غیر متزلزل ایمان اور محنت کو اپنا شعار بنائیں اور دنیا میں اپنا نام بنائیں۔ آئیے، آج کے دن ہم اپنے آپ کو اس کے وژن پر عمل کرنے اور ایک ایسی قوم کی تعمیر کرنے کا عہد کریں جو ان کے انصاف، مساوات اور اعلیٰ ظرفی کے نظریات کی عکاسی کرے۔
آئیے آج عہد کریں کہ ہم سب اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔