علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہو کر معیشت کے استحکام اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر عزم ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم اقبال کی تقریب سے خطاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہو کر ملکی معیشت کو مستحکم اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے دسمبر تا فروری تین ماہ کیلئے بجلی سہولت پیکیج کے تحت قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یوم اقبال کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بچوں نے کلام اقبال خوبصورت انداز میں پیش کیا، ہمیں عظیم شاعر کے فلسفے، ان کی حضرت محمد ﷺ سے والہانہ محبت اور خودی کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنی شاعری میں خودی، محنت و مشقت کے حوالہ سے جو پیغام دیا عصر حاضر میں اس سے بڑھ کر کوئی پیغام نہیں ہو سکتا، علامہ محمد اقبال نے فارسی اور اردو میں شاعری کی، اس کے معترف نہ صرف برصغیر کے کروڑوں لوگ ہیں بلکہ ایران، ترکیہ اور مشرق وسطیٰ میں بھی علامہ اقبال کے پیغام اور نام سے سب اچھی طرح واقف ہیں، علامہ اقبال قیام پاکستان سے قبل اﷲ کو پیارے ہو گئے لیکن ان کا پیغام ابدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری ''نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر، تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں'' کے ذریعے نوجوانوں کو خود داری کا پیغام دیا، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو پیغام دیا، ہمیں اس پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیا وجہ ہے کہ ہم اس پیغام کو بھول گئے اور آج 77 سال بعد بھی پاکستان آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن پاک، حضور اکرمۖﷺ کی تعلیمات اور علامہ اقبال کے فرمودات کو بھول گئے، جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں وہ ہم سے آگے نکل گئیں اور ہم منزل کی جانب ابھی تک گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس ملک میں اس پیغام کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے، ہم نے وفاقی حکومت کے اخراجات پر قدغن لگائی ہے، حالیہ مہینوں میں ملکی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، گذشتہ سال مہنگائی کی شرح 32 فیصد پر تھی جو آج کم ہو کر 6.7 فیصد پر آ گئی ہے، بینکوں کے قرضوں پر شرح سود کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے، اس سے سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، زرعی ترقی ہو گی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دانش سکول بنا کر ایسے قابل بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے جن بچوں کے والدین کے پاس اپنے بچوں کو تعلیم دینے کے وسائل نہیں تھے جس کے نتیجہ میں ہزاروں نوجوان ڈاکٹرز اور انجینئرز بنے، ہم نے پنجاب میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا، باصلاحیت نوجوانوں میں مفت لیپ ٹاپس تقسیم کئے، انہیں مروجہ طریقوں کے ذریعے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ قوم کی تقدیر بدل سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لاکھوں نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سمیت ووکیشنل ٹریننگ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ قوم کے معمار بن کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں، پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کی تقدیر بدلنی ہے جس طرح شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں پیغام دیا ہے کہ''افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا''، ہمیں اس پیغام کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب اور قطر کے دورہ کے دوران وہاں کی قیادت سے ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا کہ زراعت، صنعت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبے لے کر آئوں گا، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، دوست ممالک یہاں سرمایہ کاری کرکے بھاری منافع حاصل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر بجلی صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں تین مہینوں دسمبر، جنوری اور فروری میں صارفین کو بجلی سہولت پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے، یہ پیکیج دسمبر 2024ء سے فروری 2025ء تک نافذ العمل ہو گا، اس پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ہو گا، مجموعی طور پر گھریلو صارفین کو 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے فی یونٹ تک بچت ہو گی، اس پیکیج کے تحت صنعتوں کو مجموعی طور پر 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی، صنعتوں کیلئے مجموعی طور پر 18 سے 37 فیصد تک بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی، کمرشل صارفین کیلئے 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی، مجموعی طور پر کمرشل استعمال پر 34 سے 37 فیصد بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لاگت میں کمی سے پیداوار، صنعت، زراعت، کاروبار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، معیشت مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اس اقدام پر نائب وزیراعظم، وفاقی وزیر برائے پاور، ان کی ٹیم، وزیر خزانہ، وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری خزانہ، وزیر پٹرولیم، سیکرٹری پٹرولیم اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سمیت دیگر حکام کا شکرگزار ہوں، اس ضمن میں آئی ایم ایف کا بھی شکرگزار ہوں، امید ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے آخری پروگرام ہو گا، اس کے بعد ہمارا ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا اور ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تین ماہ میں 8.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جس پر ان کا شکرگزار ہوں، ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہو گا کہ محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے حالات زندگی اور افکار پر مشتمل خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ تقریب میں معروف گلوکار شہزاد رائے اور گلوکارہ ڈاکٹر معصومہ انور نے کلام اقبال پیش کیا۔ ننھے منے بچوں نے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سٹیج پر جا کر ان بچوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔