پاکستان تحریک انصاف ملک پر ناجائز حکومت کر رہی ہے اور عمران خان جعلی وزیراعظم ہیں:- فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک پر ناجائز حکومت کر رہی ہے اور عمران خان جعلی وزیراعظم ہیں۔لیہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے اور یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی۔ منڈان پارک بنوں میں جے یوآئی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے اور یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی۔ عمران خان بمشکل چار ووٹوں سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے اورعمران خان کی حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے۔ کچھ تو خدا کا خوف کریں جن کے منہ سے شراب کی بدبو آتی ہو وہ ریاست مدینہ کا نظام ملک میں کیسے رائج کریں گے؟انہوں نے کہا کہ اب جنگ میدان میں ہوگی، ہم کسی کے سامنے سر نیچا نہیں کریں گے اورنئی نسل کو دین کا راستہ دکھائیں گے، مغرب کے لئے کام کرنے والے کو عمران خان نے ملک کی معیشت کا اقتصادی مشیر بنا دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کی طرف سے علمائے کرام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ایک نہیں دو دو قانون چل رہے ہیں، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں دہشت گردی کے ٹھکانے نہیں۔قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے پر علماء کو گرفتار کیا گیا۔ دینی مدارس اور تعلیمی اداروں کا نصاب ایک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کالجز اور سکولوں کا نظام کرنے والے یاد رکھیں کہ کسی کا باپ بھی ایسا نہیں کر سکتا۔ مدارس میں مداخلت کرو گے تو ٹانگیں توڑ دی جائیں گی۔ اگر یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو یہ حکومت کیلئے آخری ایام ثابت ہوں گے۔