چیف جسٹس میاں ثاقب نثاردانیال عزیزاورحنیف عباسی پر شدید برہم ہو گئے، دانیال عزیزاورحنیف عباسی کو روسٹرم پربلا لیا اور کہا آخری بار کہہ رہے ہیں عدالتوں کی تضحیک نہ کریں
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمران خان اور جہانگیرترین کے خلاف آف شورکمپنیوں کے کیس سے متعلق لیگی رہنماوں کے تبصروں کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہارکر دیا۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے لیگی رہنماوں دانیال عزیزاور حنیف عباسی کو روسٹرم پر بلایا اور استفسارکیا کہ بتائیں آپ سے کیا امتیازی سلوک کیا جارہا ہے؟ ہم بہت تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آخری بار کہہ رہے ہیں کہ عدالتوں کی تضحیک نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں سے متعلق لوگوں میں اعتماد پیدا کریں اور ان کو مضبوط کریں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی تک صرف عدالتی احاطے میں بات کرنے سے روکا ہے۔ یہی روش برقرار رہی تو مکمل پابندی عائد کر دیں گے۔ دانیال عزیز نے کہا اس کیس کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔ الیکشن کمیشن کے کیسز پر بات کی تھی۔ اگرعدالت سے متعلق کوئی غلطی ہو تو معاف کر دیں۔ حنیف عباسی کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عدالتی ہدایات پرمن وعن عمل کریں گے