عراق میں سات خودکش کار بم دھماکوں کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی
عراق اور شام میں سرگرم دہشتگرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے عراقی شہر رمادی میں حکومتی کنٹرول والے علاقوں میں سلسلہ وار خودکش کار بم حملے کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس دوران ایک ہی وقت میں سات کار بم دھماکے کیے گئے۔ رپورٹس کےحوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوئے،دوسری جانب عراقی فوج دوطرفہ پیش قدمی کرتے ہوئے تکریت شہر میں داخل ہونے کے بعد اب اپنی پوزیشن کو مضبوط بناتی جا رہی ہے۔ عراقی فوجی اوراتحادی ملیشیا شمال میں قادسیہ کے نواحی علاقے سے آگے بڑھنے کے علاوہ جنوبی سمت سے بھی تکریت شہر کے وسط کی جانب پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہر میں پیش قدمی کے لیے شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ تکریت شہر کی بازیابی کا آپریشن دس روز قبل شروع کیا گیا تھا۔ جبکہ گذشتہ روز منگل کو عراقی فوج العلم میں اسلامک اسٹیٹ کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ تکریت پر انتہا پسند جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے گزشتہ برس جون میں قبضہ کیا تھا۔