ایوان میں چھے ارکان والی تحریک انصاف کے امیدوار شبلی فراز کو سولہ ووٹ مل گئے
جے یو آئی کے عبد الغفور حیدری کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کی حمایت حاصل تھی ۔ان کے مدمقابل چھے ارکان والی تحریک انصاف کے شبلی فراز تھے ۔جنہیں ایک رکن والی جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل تھی ۔ ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں کل چھیانوے ووٹ کاسٹ ہوئے ۔جن میں سے چھے مسترد ہوئے ۔درست نوے ووٹ میں غفور حیدری کو تراسی ووٹ ملنے کی توقع تھی لیکن ان کی حمایت میں چوہتر ووٹ نکلے ۔ جبکہ شبلی فراز کو سات ووٹ ملنے کا امکان تھا ۔ لیکن ان کے حق میں سولہ ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ غفور حیدری کامیاب تو ہو گئے لیکن شبلی فراز کو ڈالے گئے نو زائد ووٹوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں سے ناراض سینیٹرز نے اپنی پارٹی سے بے وفائی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیا ۔ جبکہ بعض کا کہنا ہے تحریک انصاف کے امیدوار کو جے یو آئی کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کی شخصیت کے مخالفوں کا ووٹ بھی پڑا ۔ نتیجہ جو بھی تھا لیکن یہ نو ووٹ سیاسی لیڈر شپ کی نیندیں حرام کرنے کا سبب ضرور بنےگا -