معزول جج شوکت عزیز صدیقی کا برطرفی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزول جج شوکت عزیز صدیقی نے اپنی برطرفی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو گذشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ شوکت عزیز صدیقی نے وکلا سے مشاورت کی ہے جس کے بعد پیر تک برطرفی کا نوٹی فکیشن سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور وزارت قانون کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش صدر مملکت کو ارسال کی جسے انہوں نے منظور کرلیا جس کے بعد جسٹس شوکت کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے برطرفی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔معزول جج شوکت عزیز صدیقی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی خفیہ ایجنسی عدالتی امور میں مداخلت کررہی ہے اور خوف و جبر کی فضا کی ذمہ دار عدلیہ بھی ہے جب کہ میڈیا والے بھی گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور سچ نہیں بتا سکتے، میڈیا کی آزادی بھی بندوق کی نوک پر سلب ہو چکی ہے۔اس سے قبل آج ہائی کورٹس کی ذیلی عدالتوں کے سپروائزری کردار سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تھے کہ کہ ججز کا احتساب شروع ہو چکا ہے،جو جج کم کیسز کے فیصلے کرے گا اس کے خلاف آرٹیکل209 کے تحت کارروائی ہو گی۔