محکمہ موسمیات نے رواں ہفتےکےاختتام سے بیشتر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک فعال سلسلہ جمعہ کے روز بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا۔ اس سلسلے کے زیر اثر بلوچستان میں جمعہ سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر بادل برسیں گے، سندھ میں جمعہ سے ہفتہ کے دوران بارش کا امکان ہے، اسی طرح بالائی پنجاب میں اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اس دوران پہاڑی علاقوں اور شمالی بلوچستان کے اکثر حصوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بلوچستان، سندھ، فاٹا، مالاکنڈ، ڈی آئی خان اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، اس دوران پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، استور منفی چودہ اور سکردو میں درجہ حرارت منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔