گزشتہ سال پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 2.7 ارب ڈالر اضافہ
گزشتہ سال 2017ءکے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات میں سے 2.7 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ 6 سال کے دوران 10.4 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی۔ اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے چیف ایگزیکٹو و سیکرٹری عبدالعلیم نے کہا ہے کہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی تعداد 189 ہے جو دنیا کے 35 مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سی آئی قومی معیشت کے 14 مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے اور کی جانے والی سرمایہ کاری سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی سرمایہ کاری اور اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 90 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی آئی میں اضافہ کے لئے سرمایہ کاروں کی سہولیات کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ترقی اور بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کے لئے ایمپلائمنٹ زونز کاقیام ضروری ہے اور ایسے زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لئے ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مراعات فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئی صنعتوں کے قیام سے صنعتی ترقی کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد حاصل کی جاسکے۔