لاہور ہائیکورٹ کا راجہ ریاض کے بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری
لاہور ہائیکورٹ نے راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔ جسٹس عابد حسین چٹھہ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں سمیت فریقین سے 18 جنوری کو جواب طلب کریں۔ تحریری حکم میں کہاگیا ہے کہ درخواست میں اہم قانونی اور آئینی نقاط اٹھائے گئے ہیں، اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت کی معاونت کریں، فریقین حکم امتناعی کی درخواست پر بھی جواب داخل کریں۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ درخواست میں راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں اسپیکر کے آئینی کردار ادا نہ کرنے اوراپوزیشن لیڈر کی ممبران کی عددی اکثریت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست میں تحریک انصاف کے ممبران کے استعفے منظور نہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا گیا ، درخواست میں اسپیکر کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں غیر قانونی راستہ اختیار کرنے کی نشاندہی کی گئی۔