شریف خاندان کےخلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی
سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف جاری دیگر دو نیب ریفرنسز کا ٹرائل اب جیل میں ہی ہوگا، جس کے احکامات وفاقی حکومت نے جاری کردیئے ہیں۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک، نواز شریف اور دیگر کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرے گی۔اڈیالہ جیل میں ٹرائل کا حکم قومی احتساب آرڈیننس کی شق16 کے تحت دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچے اور جیسے ہی ان کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، وہاں موجود نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے پاسپورٹ بھی ضبط کرلیے گئے۔نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا،بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا جہاں پمز اسپتال سے آئے چار ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ان کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طورپر فٹ قرار دیتے ہوئے ان کی میڈیکل ہسٹری مرتب کرلی۔طبی معائنے کے بعد نواز شریف کو ہائی سیکیورٹی زون کے کمرے میں رکھا گیا ہے جبکہ مریم نواز کو خواتین کی بیرکس میں منتقل کردیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف کو جیل میں بی کٹیگری چیف سیکریٹری کے حکم پر دی جائے گی تاہم یہ کیٹگری نواز شریف کی جانب سے درخواست دیے جانے پر ہی انہیں ملے گی۔ اس حوالے سے جیل حکام نے میاں نواز شریف کو بی کلاس کے حصول کے لیے ایس او پیز سے آگاہ کردیا۔