اگراحتیاطی تدابیر پرسختی سےعملدرآمد نہ کیا گیا تو کورونا کی وباء تیزی سے پھیل سکتی ہے، اسدعمر
منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر سنجیدگی سے عملدرآمد نہ کیا گیا تو کورونا کی وباء تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہوگئی ہے جو اس ماہ کے آخر تک دو گنی ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ ماہ کے آخر تک یہ تعداد دس سے بارہ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ معاشرتی اور انفرادی سطح پر ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے ماسک کا استعمال لازمی ہے اور تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ صرف چہرے کو ڈھانپنے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو پچاس فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اہمیت بھی اپنی جگہ ہے۔ منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ لوگوں کو اس وباء سے بچانے کیلئے انتظامی اقدامات کئے جارہے ہیں