محکمہ موسمیات کی موسلا دھاربارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 ستمبر تک موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جہاں اسلام آباد سمیت راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاول پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے جب کہ لوئردیر، مالاکنڈ اور مظفر آباد میں بھی موسلادھاربارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی کے بعض علاقوں میں رات کو بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں اور مری میں بھی بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں اب تک 66 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، شدید بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں جمع ہو جانے والے پانی کی نکاسی کیلئے کام جاری ہے۔ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں 18 سے 20 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔گزشتہ روز پنجاب کے شہر جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، رینالہ خورد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔آج شام سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے کراچی ڈویژن میں 20 ستمبر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔