افغان رہنما افغانستان میں پائیدار امن کے لئے بین الافغان مذاکرات کے عمل کو تیز کریں۔ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انطالیا ڈپلومیسی فورم کے اجلاس کے موقع پر افغان اعلی کونسل برائے قومی مفاہمت (ایچ۔سی۔این۔آر) کے چئیرمین عبداللہ عبداللہ سے ترکی میں 18 جون 2021 کو ملاقات کی۔ستمبر 2020 میں عبداللہ عبداللہ کے پاکستان کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات اور افغان امن عمل میں باہمی گہری ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے افغان قیادت کے ساتھ وسیع رابطے برقرار رکھنے کی پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے امریکہ اور طالبان کے درمیان براہ راست بات چیت کے علاوہ افغان فریقین میں گفت وشنید میں سہولت کاری کی پاکستان کی بامعنی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ اب یہ افغان قیادت پر منحصر ہے کہ وہ اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع تصفیہ کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے افغان رہنماوں پر زور دیا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے بین الافغان مذاکرات کے عمل کو تیز کریں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغان امن عمل میں پیش رفت خرابی پیدا کرنے والے عناصر کے لئے گنجائش کم کرے گی جو خطے میں امن کی واپسی نہیں چاہتے۔ انہوں نے زور دیا کہ منفی بیانات اور الزام تراشی سے محض ماحول خراب ہوتا ہے اور خرابی پیدا کرنے والوں کو تقویت ملتی ہے جو امن عمل کو پٹڑی سے اتارنے کے خواہش مند ہیں۔