جاوید لطیف پربغاوت کا مقدمہ درج
مسلم لیگ( ن) کے ایم این اے جاوید لطیف کے خلاف ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔میاں جاوید لطیف کے خلاف ریاست سے بغاوت اور غداری اور سائبر کرائم ایکٹ کا مقدمہ درج کیاگیا، مقدمہ ٹائون شپ لاہورکے رہائشی جمیل سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں 120،120 بی،153،153 اے،500 اور505 ون بی دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ جاوید لطیف نے حکومت اور ملک کی سالمیت کے ساتھ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں کے مابین نفرت کا بیج بویا اور اپنے بیان سے عوام میں خوف وہراس پھیلایا۔ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا کہ ایم این اے نے ٹی وی پر ملکی سلامتی اور ریاستی اداروں کے خلاف بیان دے کر فوجداری، ملکی اور آئینی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ،میاں جاوید لطیف نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بیان دے کر مجرمانہ فعل کا ارتکاب کیا ہے۔