کراچی میں نادرا آفس کے باہر نجی ٹی وی کی خاتون اینکر کو تھپڑ مارنے والے ایف سی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نادرا آفس کے باہر نجی ٹی وی کی خاتون اینکر عوام کو درپیش مشکلات پر پروگرام کر رہی تھی۔۔ اس دوران ایف سی اہلکار نے خاتون کو کوریج سے روکا جس پر وہ مشتعل ہو گئی ، خاتون اور ایف سی اہلکار کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔۔ جس پر مشتعل ہو کر اہلکار نے خاتون کو تھپڑ رسید کر دیا۔ خاتون اینکر کا موقف ہے کہ سکیورٹی اہلکار نے نہ صرف اس سے بلکہ وہاں موجود خواتین سے بدتمیزی کی وہ نادرا کے مجاذ افسر کا موقف لینا چاہتی تھی اس پر بھی آفس کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔۔ صرف سوال پوچھنے کے اصرار پر اسے تھپڑ مارا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی ۔۔ واقعہ پر صحافی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد متعلقہ اہلکار کیخلاف تشدد اور ہوائی فائرنگ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دوسری طرف نادرا حکام نے بھی خاتون کے رویے کی شکایت کی اور موقف اپنایا کہ سکیورٹی اہلکار کو انتہائی قدم اٹھانے پر اکسایا گیا، خاتون نے نہ صرف اہلکار کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے بلکہ اس کی وردی پر بھی ہاتھ ڈالا۔۔نادرا حکام کی درخواست پر خاتون کیخلاف کارسرکار میں مداخلت اقدام کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ادھر وزیر داخلہ چودھری نثار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔