بجٹ کے بعد ہونڈا موٹرسائیکلوں کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں
عوام میں مقبول تصور کی جانے والی موٹرسائیکلوں کی بات کی جائے تو ہونڈا ابھی بھی سرفہرست ہے، سنہ 1990 سے لیکر اب تک اس کے ڈیزائن میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی، پاکستانی مارکیٹ میں اس کی مقبولیت مزید بڑھ چکی ہے، حالیہ بجٹ کے بعد ہونڈا موٹرسائیکلوں کی نئی قیمتیں سامنے آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر بہتر ہونے کی وجہ سےہونڈا نے CD 70 کی قیمت میں کسی قسم کی کمی کا اعلان نہیں کیا ہے۔ صنعت کے ماہرین کا خیال ہے کہ اٹلس ہونڈا 30 جون کو رواں مالی سال کے اختتام تک قیمتوں میں تبدیلی کرسکتا ہے،یہ حکمت عملی آٹوموٹیو سیکٹر کے اندر وسیع تر مارکیٹ کی حرکیات اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ ہونڈا سی ڈی 70 عوام میں اس لئے مقبول ہے کہ اس کی پیٹرول کی کارکردگی بہترین ہے، شہری اور دیہی دونوں سڑکوں پر ہموار ہینڈلنگ کے لیے ایک مضبوط سواری خیال کی جاتی ہے جبکہ میڈل کلاس کا طبقہ بھی اس کو خرید سکتا ہے۔ گذشتہ ہفتے ہونڈا سی ڈی 70 اورسی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا، اس وقت سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 57 ہزار 900 روپے، سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار 900 روپے اور ہونڈا پرائیڈر کی قیمت 2 لاکھ 8 ہزار 900 روپے ہے۔ ہونڈا سی جی 125 کی قیمت 2 لاکھ 23 ہزار 900 روپے اور ہونڈا سی جی 125 اسپیشل ایڈیشن کی قیمت 2 لاکھ 82 ہزار 900 روپے ہے۔