ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3 وکٹوں سے شکست دے دی
ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مڈل آرڈر بلے باز حشمت اللہ شاہدی کے ستانوے رنز کی بدولت پاکستان کو دوسو اٹھاون رنز کا ٹارگٹ دیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم فخر پہلے ہی اوور بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان ایک سو چون رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ امام الحق اسی اور بابر اعظم چھیاسٹھ رنز بناکر ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد آٹھ، آصف علی سات اور محمد نواز دس رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم شعیب ملک کریز پر موجود رہے۔ پاکستان کو آخری اوور میں دس رنز درکار تھے۔ پہلی بال مس کرنے کے بعد شعیب ملک نے اگلی گیند پر چھکا اور پھر چوکا لگا کر پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح سے ہمکنار کروادیا۔