عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس15 سال بعد لاہور میں ہو گا
عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس پانچ جولائی کو ایوان اوقاف لاہور میں منعقد ہو گا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ جبکہ اجلاس میں ملک بھر سے مختلف مکتبہ فکر کے چونتیس اراکین بھی شریک ہوں گے۔ رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس پندرہ سال بعد لاہور میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل عید کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس پندرہ سال تک کراچی میں منعقد ہوتا رہا ہے۔ سن دو ہزار تک رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی جبکہ عید کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس لاہور میں ہوتا تھا، جسے لاہور کا مطلع ابر آلود ہونے پر کراچی منتقل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پانچ جولائی کو لاہور کا مطلع مکمل طور پر صاف ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پانچ جولائی کو شوال کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔