تحریک انصاف کی فاطمہ نامی خاتون کارکن نے فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران احتجاج کیا
اکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کی ایک خاتون کارکن نے ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ ایک خاتون نے کھڑے ہو کر تقریر شروع کر دی۔فاطمہ نامی خاتون کا کہنا تھا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معا ملے پر ناانصافی ہوئی۔پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کا پارٹی میں خواتین کا اہم کردار ہے لیکن انہیں جنرل نشستوں پر نظر انداز کیا گیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب آپ مجھے نہیں جانتے، میں 2006 سے پارٹی کے لیے کام کر رہی ہوں۔
تحریک انصاف کی خاتون کارکن کا کہنا تھا کہ میں نے پی پی 186 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن جگہ خالی ہونے کے باوجود ٹکٹ نہیں دیا گیا۔فواد چوہدری نے خاتون سے کہا کہ آپ کی بات ہو گئی، جس پر خاتون نے کہا کہ فواد صاحب، آپ متاثرین کے لیے آواز اٹھاتے ہیں، پارٹی متاثرین کے لیے بھی آواز اٹھائیں۔ترجمان تحریک انصاف نے فاطمہ نامی خاتون سے کہا کہ بالکل ٹھیک، آپ کی بات ہو گئی، جس پر تحریک انصاف کی خاتون رہنما نے کہا کہ فواد صاحب، آپ تو بات کرتے رہتے ہیں ہمیں کبھی کبھار بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے کہا کہ عمران خان نے جس کو ٹکٹ دیا میرے لیے وہی عمران خان ہے لیکن خدا کے لیے ہمیں بھی تو انصاف دلائیں۔