دہشت گردی میں تحقیقات سے عظیم دوست چین کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں گے۔رانا ثناء اللہ
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے جامعہ کراچی دھماکے کے مجرموں کو گرفتار کرنے اور عبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آج کراچی جا رہا ہوں, پورا پاکستان اپنے چینی بھائیوں سے بھرپور یک جہتی کرتا ہے، یہ ہمارا مشترکہ غم ہے۔ پاک چین دوستی پر حملہ ہوا ہے، پوری قوت سے نمٹیں گے۔ متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے حقائق معلوم کروں گا۔ ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں تحقیقات سے عظیم دوست چین کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں گے۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے تمام آپریٹس کا ازسرنو جائزہ لیں گے۔ سکیورٹی کے مکمل جائزے کے بعد موثر اقدامات کریں گے۔ باریک بینی سے ہر پہلو کی جانچ کریں گے۔ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔