سانحہ کرائسٹ چرچ : دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ کوعمرقید کی سزاسنا دی گئی
نیوزی لینڈ کی عدالت نےکرائسٹ چرچ مساجد حملہ کیس کے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو عمرقید کی سزا سنا دی ۔ تفصیلات کے مطابق سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کوعمر قید کے دوران پیرول کی بھی اجازت نہیں ہوگی ، نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی مجرم کو بغیرپیرول کے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ آسٹریلوی دہشت گرد نے پہلے صحت جرم سے انکار کیا پھر اعتراف جرم کرلیا۔ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں جمعہ کے روز دومساجد پر فائرنگ کرکے 51 نمازیوں کو شہید کیا تھا جبکہ اس سانحے میں 40 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ مسجد میں فائرنگ کرنے والے دہشت گرد نے حملے کی لائیو ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر نشر کی، جسے بعد میں نیوزی لینڈ حکام کی درخواست پر دل دہلا دینے والی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا تھا۔ بعد ازاں نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم پر قتل کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ نیوزی لینڈ کی کابینہ نے اسلحہ قوانین میں اصلاحات کرتے ہوئے سخت قوانین کی منظوری بھی دی تھی۔