تھیٹر رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت
لاہور ہائیکورٹ نے شہر بھر کے تھیٹر رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تھیٹر رات ساڑھے 9 سے ساڑھے 11 بجے تک کھلا رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے اور رات 10 بجے کے بعد کھلنے والے تھیٹرز کو جاری کئے گئے شوکاز نوٹس معطل کئے جائیں۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا کہ تھیٹرز رات10 بجے بند کر دیے جائیں۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ سموگ کے تدارک کے لیے سب اقدامات کر رہے ہیں، بڑوں اور بچوں کا معاملہ ہے، سب کچھ شہریوں کے لیے کر رہے ہیں، سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے شہری بھی اپنا لائف سٹائل بدلیں۔جسٹس شاہد کریم نے لا افسر سے مکالمے میں کہا کہ عدالت نے کمرشل ایریاز بند کرنے کا حکم دیا تھا اور آپ نے تھیٹر بھی بند کروانے شروع کردیئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کردی۔