تحریک انصاف نے ملک کے خلاف سازش میں تمام حدیں پار کر دیں، خط آئی ایم ایف پروگرام سبوتاژ کرنے کیلئے لکھا گیا: وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی وزرائے خزانہ پنجاب و خیبرپختونخوا کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے اب یہ بات طے ہوگئی کہ صرف 2 دن پہلے خط آئی ایم ایف پروگرام سبوتاژ کرنے کے لیے لکھا گیا اور مجھے بھیجنے سے پہلے آئی ایم ایف کو بھیج دیا گیا۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ڈوب رہا ہے اور اللہ کے بعد اس وقت ہمارے پاس جو آسرا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جائے جس کی نہج پر عمران خان چھوڑ کر گئے تھے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آئی ایم ایف پروگرام کے ہونے سے قبل جو گری ہوئی حرکت پی ٹی آئی نے کی ہے جس کے آرکیٹیکٹ شوکت ترین ہیں، جنہوں نے عمران خان سے پوچھنے کے بعد پنجاب میں محسن لغاری اور خیبرپختونخوا میں تیمور جھگڑا کو فون کیا اور اب اسد عمر اس کو ڈیفینڈ کررہے ہیں۔