30 ملین برس پرانے 5 غار سیاحوں کے لیے کھولے جائیں گے.
سعودی جیالوجیکل بورڈ کے ترجمان طارق ابا الخیل نے بتایا ہے کہ 30 ملین برس پرانے 5 غار سیاحوں کیلئے کھولے جائیں گے۔ بورڈ نے محکمہ سیاحت و قومی آثار سے رابطے پیدا کرکے ایسے 15غاروں کی نشاندہی کی ہے جنہیں سیاحوں کیلئے کھولا جاسکتا ہے، ان میں سے بعض 30 ملین برس سے کہیں زیادہ پرانے ہیں۔ غاروں کو سیاحوں کیلئے کھولنے سے ایک طرف تو سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو علوم و معارف حاصل ہونگے اور دوسری جانب اس اقدام سے سعودی عرب کو اقتصادی فوائد ملیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سارے غار دریافت کیے جاچکے ہیں اور ابھی نہ جانے کتنے غار ایسے ہیں جو ابھی تک جیولوجیکل سروے بورڈ کی دسترس سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آرزو ہے کہ سب لوگ اس انسانی ثروت کی حفاظت کریں، غار قدرتی ہیں اور قدیم دور کے لوگ انہیں پناہ گاہوں اور رہائشی مراکز کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔ ابا الخیل نے بتایا کہ اب تک 250 سے زیادہ غارسعودی عرب میں دریافت ہوچکے ہیں۔