جعلی گھی، مکھن تیار کرنیوالی فیکٹری پکڑی گئی، 15 دکانیں سیل، ایک کو جرمانہ
لاہور+ فیروز والا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورا لامیں مینگل نے تمام شہروں میں فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی ہدایت کی ہے کہ واسا اور دیگر سرکاری ذرائع سے فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی کے سیمپل لے کر لیبارٹری تجزیے کے لیے بجھوائے جائیں۔کسی بھی علاقے میں پانی کے ناقص ہونے کی صورت میں علاقہ مکینوں اور متعلقہ حکام کو مطلع کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں نشتر ٹائون کی ٹیم نے گورمے فوڈزکوٹ لکھپت کا دورہ کر تے ہوئے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی توثیق کی اور اشیاء کی تیاری کی اجازت دے دی۔ باگڑیاں میں طیب ٹائون میں واقع جاوید بیکری کو کیڑوں کی روک تھام کے ناقص انتظامات پر 3000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ نیا پُل تاجپورہ میں بسم اللہ پان شاپ، داتا نان شاپ، داتا پان شاپ، حسین پان شاپ، نیو پاک سویٹس اینڈ بیکرزاور اشیاء کو ڈھانپنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ڈیفنس روڈ بھوبھتیاں چوک میں واقع پریمئیر ڈیریزکا دورہ کیا ،رات کے وقت لیے گئے نمونہ جات کو آئس باکس کی عدم دستیابی اور درست طریقے سے نہ رکھنے کی بنا پر ضائع کر دیا گیا۔ دریں اثناء لاہور روڈ کی آبادی میاں کالونی (کوٹ عبدالمالک) میں ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم کی سربراہی میں ٹیم نے چھاپہ مار کر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قصاب رحمان کو پکڑ لیا۔ علاوہ ازیں جعلی دیسی گھی اور مکھن تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی گئی۔ مالک قاسم سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ فیکٹری اور پانچ دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جانوروں کو چربی سے گھی تیار کرتے تھے۔