ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بھارت کا جنوبی افریقہ کو 177 رنز کا ہدف
ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا۔ بارباڈوس میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا۔ ویرات کوہلی نے 59 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، اکشر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے شیوم دوبے 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، سوریا کمار یادیو 3 رنز پر ربادا کا نشانہ بنے۔ رویندرا جڈیجا 2 رنز بنا کر نورکیانے کو وکٹ دے بیٹھے، ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور اینرک نورکیانے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مارکو جینسن اور کگیسو ربادا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ اس سے قبل بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر ایڈن مارکرم الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔ روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، یہاں ایک میچ کھیل چکے ہیں، کنڈیشن کا اندازہ ہے، ٹیم کو یہی پیغام ہے اچھی کرکٹ کھیلیں، امید ہے زبردست مقابلہ ہوگا۔