پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تیاری
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی گئی۔یکم فروری سے ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے سینتالیس پیسے مہنگا کرنے، پیٹرول چھ پیسے اور مٹی کا تیل چھیاسٹھ پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز پر مبنی سمری اوگرا نے پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوادی ہے۔سمری میں لائٹ ڈیزل ایک روپے دس پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی حتمی منظوری حکومت دے گی جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا.یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بڑا بم گراتے ہوئے 2020 کے پہلے ہی دن یکم جنوری کو پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا تھا۔خیال رہے کہ 2019 میں پٹرول کی قیمت میں 23.02 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 18.42، لائٹ ڈیزل 5.99 اور مٹی کے تیل میں 12.85روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔ دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں ایک سال میں 114 فیصد ہوا۔اگست 2018 میں عمران خان نے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا تو اس سے اگلے ہی ماہ ستمبر میں پٹرول کی قیمت 92 روپے 83 پیسے، ڈیزل 106 روپے 83 پیسے، مٹی کا تیل 83 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 75 روپے 96 پیسے فی لیٹر تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2019 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 22 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔