ہواؤں کا رُخ تبدیل، لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی ہونے لگی
ماہرین موسمیات کے مطابق مشرقی ہواؤں کے رُخ بدلنے سے لاہور میں فضائی آلودگی کا انڈیکس تبدیل ہو رہا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق ہواؤں کی رفتار اور رُخ بدلنے سے لاہور فضائی آلودگی کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا، فضائی آلودگی انڈیکس پر 191 کے سکور سے دہلی پہلے، 186 سکور سے بیجنگ دوسرے نمبر پر آگیا۔ کانگو کا دارالحکومت کنساشا 178 کے سکور سے تیسرے اور 168 سکور سے لاہور چوتھے نمبر پر آگیا، امریکہ اور چین کے فضائی آلودگی ناپنے کے مختلف معیار بھی انڈیکس پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی معیار کے مطابق لاہور کا آلودگی انڈیکس 169 اور چین کے معیار کے لحاظ سے 109 سکور ہے۔ پنجاب حکومت نے ہواؤں کی تبدیلی سے قطع نظر سموگ سے بچاؤ، آلودگی میں کمی کے اقدامات سختی سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اداروں اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فضائی آلودگی کی روک تھام میں کوئی سستی، لاپرواہی نہ برتی جائے۔ مریم اورنگزیب نے اپیل کی ہے کہ لاہور کے شہری ایک ٹیم بن کر سموگ کے خلاف جنگ جاری رکھیں، یہ اجتماعی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، صرف حکومت اس مسئلے سے نمٹ نہیں سکتی۔