حجاج کو آسائش اور سہولیات کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے: سردار محمد یوسف

مدینہ منورہ (نمائندہ نوائے وقت جاوید اقبال بٹ) حجاج کو آسائش اور سہولیات کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں ایک اہم اجلاس کی سربراہی کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلا رنگ و نسل، علاقہ ، زبان اور سیاسی وابستگی کے تمام حجاج کرام کی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہیں۔ لوگوں کی باتوں کی پروا کیے بغیر حجاج کی بہترین سہولیات کے لیے کوشاں ہیں۔ اس سال مدینہ منورہ میں رہائش، خوراک اور ریاض الجنہ کی زیارت کے تاریخی انتظامات ہیں۔ حکومت پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی ذمہ داری ہے کہ ان کی آسانی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے حج ناظم سکیم نیا قدم ہے ۔ بہترین کارکردگی کے حامل ناظمین کو اعزاز ات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نجی حج سکیم کی غلطیوں کے باعث حج کوٹہ ضائع ہوا تاہم حکومت نے مخلصانہ کوشش کی ۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی حکام سے نجی حج سکیم کے لیے رعایت حاصل کی۔ اس سال پوری دنیا سے ساڑھے تین لاکھ افراد کا حج کوٹہ استعمال نہیں ہو سکا۔ اس سے قبل بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام عازمینِ حج کو مشاعر کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ روانگی سے قبل عازمینِ حج کے ہر گروپ کو ان کے خیمہ نمبر سے آگاہی دی جائے گی۔ منیٰ میں ہر میٹرس پر حاجی کا نام درج ہو گا۔ سعودی حکام کی جانب سے منیٰ میں بڑا بیگ لے جانے کی ممانعت ہے لہذا عازمینِ حج صرف کندھے والا منیٰ بیگ لے جائیں ۔ سعودی حکام نے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب کے لئے رمی اور قربا نی کے اوقات کار طے کر دیے ہیں جن پر عمل کرنا لازم ہے۔ حج انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور سردار شمشیر علی خان مزاری ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو ، چیف کوآرڈینیٹر حج ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر مدینہ ضیاء الرحمن ، ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان، کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان ، کوآرڈینیٹر مانیٹرنگ اسد اللہ فیض موجود تھے۔