مستونگ دھماکہ: قائم مقام صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی مذمت
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اوروزیر اعظم محمد شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی مستونگ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بچوں اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، ہماری پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، دکھ کی گھڑی میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہائی سکول پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے دھماکے میں بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، شہباز شریف نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا سکول پر دھماکہ بلوچستان میں انکی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مستونگ میں سول ہسپتال چوک کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنا کر ظلم کا مظاہرہ کیا گیا، معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔