سال 2021 پر ایک نظر تفصیلات عرفان جمیل ڈوگر کی رپورٹ
اسلام آباد (عرفان جمیل ڈوگر سے) پاکستان کے لئے سال 2021 بھی گزشتہ سالوں کی طرح ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔جہاں افسوسناک سانحات پیش آئے وہیں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دھرنوں نے بھی عوام کے مشکلات میں اضافہ کیا۔کچھ واقعات ایسے رونما ہوئے جو بین الااقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے سال 2021 کے آغاز میں بائیس سالہ ایف ایس سی کےطالبعلم اسامہ ستی کے اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں قتل سے ہوا۔ماورائے عدالت قتل کی وجہ سے عوام میں غم و غصہ کی لہڑ دوڑ گئی جنہوں نے سوشل میڈیا پر اسامہ ستی کو انصاف دینے کا پر زور مطالبہ کیا، پاکستان نیوی کی چھ روزہ بین الاقوامی بحری امن مشقوں کا انعقاد سال 2021 فروری میں ہوا۔ چین ، امریکہ، برطانیہ اور ایران سمیت 40 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی،پانیوں میں فوجی کشتیوں، اور فضاؤں میں ہیلی کاپٹروں نے گشت کیا مارچ میں خواتین کے عالمی دن کے موقعے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عورت آزادی مارچ پریس کلب سے شروع ہو کر ڈی چوک پہنچا اور شام کے وقت اختتام پذیر ہوگیا۔ کراچی اور لاہور میں بھی عورت مارچ منعقد کیے گئے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 21 اپریل کو سیرینا ہوٹل کی پارکنگ میں زوردار دھماکہ ہوا جس میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے تھے۔سکیورٹی کے نقطہ نظر سے یہ کافی حساس علاقہ ہے۔ سات جون 2021ء کو سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ڈھرکی کے قریب دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں کم از کم 65 افراد جاں بحق اور 150 کے قریب زخمی ہو گئے۔کراچی سے فیصل آباد آنے والی ملت ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر کر ساتھ والی پٹڑی پر گر گئیں۔ دو منٹ بعد راولپنڈی سے کراچی جانیوالی سرسید ایکسپریس ان بوگیوں سے جا ٹکرائی۔ہلاک ہونے والوں کی اکثریت کراچی میں محنت مزدوری کرتی تھی۔ نور مقدم قتل کیس اسلام آباد پولیس کی تفتیش کے مطابق نور مقدم کو 20 جولائی کے روز تیز دھار آلے کی مدد سے گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ نور مقدم کے قتل کی ایف آئی آر اُن کے والد اور سابق سفیر شوکت مقدم کی مدعیت میں درج کروائی گئی تھی جس میں مقتولہ کے دوست ظاہر جعفر کو نامزد کیا گیا تھا۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے عورتوں کے خلاف تشدد پر بھرپور آواز اٹھائی گئی ۔یہ کیس اس وقت بھی عدالت میں زیر سماعت ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کا عہدے سے استعفیٰ بھی سال 2021 کے اہم واقعات میں سے ایک ہے۔ جام کمال کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد پیش کی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود ہی مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے قدوس بزنجو کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں لایا گیا۔ تحریک لبیک کے دھرنے ملک کے سیاسی حالات و واقعات کی بات کریں تو تحریک لبیک کا سال 2021 میں خوب چرچا رہا ، تحریک لبیک کو کالعدم قرار دیا گیا اور امیر سعد رضوی کو گرفتار بھی کر لیا گیا جس کے بعد ملک بھر میں تحریک لبیک کی جانب سے پر تشدد مظاہروں اور دھرنوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ اس دوران کئی پولیس اہلکار بھی پرتشدد مظاہروں میں شہید ہو گئے تھے۔نومبر میں تحریک لبیک کے دھرنے کے بعد حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین مذاکرات کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر پابندی ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں تعمیر شدہ کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کو ڈھانے کے فیصلے پر نسلہ ٹاور کے مکین بھی سراپا احتجاج رہے کہ انہوں نے اپنی عمر بھر کی جمع پونبجی سے اپنے لیے یہ آشیانہ خریدا تھا جسے اب ڈھایا گیا۔ سال آخر میں پاکستان کے سیاسی افق پر حق دو گوادر تحریک بھی نمایاں طور پر ابھری۔بلوچستان کی حکومت تحریک کے رہنماوں سے مذاکرات کرنے پر مجبور ہوگئی اور ایک معاہدے کے تحت احتجاج ختم کردیا گیا۔ گوادر کے عوام نے ٹرالر مافیا کے خلاف اور سیکورٹی چیک پوسٹوں سمیت بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے ایک بھرپور تحریک چلائی جس میں بلوچ خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تحریک کو بین الاقوامی میڈیا پر بھی بھرپور کوریج ملی سال کے اختتام پر ایک ایسا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس سے پاکستان کا دنیا بھر میں تشخص مجروح ہوا، سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن شہری کو توہین رسالت کا الزام لگا کر قتل کر دیا اور لاش کو آگ لگا دی ملکی سطح پر بھی قانون بے بس اور عوام میں پنپتی جہالت اور عدم برداشت اور شدت پسندی سامنے آئی۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ب مذمت کی اور مجرمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا سال 2021 کے آغاز کی طرح اختتام بھی ایک افسوناک واقعہ سے ہوا،30 دسمبر کی رات کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک ریموٹ کنٹرولڈ بم دھماکے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے ہیں۔ سال کے آخر میں یہ کہنے پر میں حق بجانب ہوں کہ بحیثیت قوم ہم سب اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آنیوالا نیا سال اس ملک اور سب کے لئے امن ، خوشحالی اور خوشیاں لے کر آئے۔آمین